اچھی کتابیں انسان کی بہترین دوست ہوتی ہیں

Sunday 12 July 2020

Ism ki QismaeN


اسم کی اقسام (بہ لحاظ بناوٹ)

بناوٹ کے لحاظ سے اسم کی 3 اقسام ہیں۔

1۔ اسم جامد: 
ایسا اسم جو نہ خود کسی کلمہ سے بنا ہو اور نہ اس سے کوئی دوسر ا کلمہ بن سکے جیسے کرسی۔ میز۔ لکڑی۔ پانی۔ آگ۔  وغیرہ

2۔ اسم مصدر: 
ایسا  اسم جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا ظاہر ہو، مصدر سے اور کلمے بنائے جا سکتے ہیں۔ مثلاً کھانا۔ پینا۔ سونا۔ جاگنا۔ رونا۔ دھونا۔ آنا ۔ جانا  وغیرہ۔ "نا" مصدر کی علامت ہے۔

3۔اسم مشتق: 
ایسا اسم جو مصدر سے بنا ہو جیسے لکھنا سے لکھائی۔ پڑھنا سے پڑھائی ۔ پڑھنے والا۔ پڑھا ہوا  ۔وغیرہ

اسم مصدر کی اقسام (بہ لحاظ معنی)

اسم مصدر کی معنی کے لحاظ سے 4 اقسام ہیں؛

1۔ مصدر مفرد(اصلی مصدر): 
وہ اسم جو شروع سے ہی مصدر کے معنی دیتا ہو۔ مثلاً آنا۔ جانا۔ جاگنا۔ سونا۔ کھانا۔ پینا وغیرہ

2۔ مصدر مرکب(جعلی مصدر): 
وہ اسم ہے جو کسی لفظ کو مصدر کے شروع میں لگا کر مصدر بنا لیا جائے۔ مثلاً بہک جانا۔ سچ بولنا۔ کلمہ پڑھنا۔  قے آنا وغیرہ

3۔ مصدر لازم: 
وہ مصدر جس سے بنا یا گیا فعل صرف فاعل کو چاہے اور جملہ فعل اور فاعل سے مکمل ہو جائے۔ جیسے  بچہ گیا۔  میں سو  گیا۔  زید تیز دوڑا  ۔ وغیرہ

4۔ مصدر متعدی: 
وہ مصدر جس سے بنایا گیا فعل فاعل اور مفعول دونوں  کو  چاہے۔ مثلاً عورت نے آم کھایا۔ میں نے کتاب پڑھی۔ اس نے خط لکھا ۔ وغیرہ

مصدر متعدی کی اقسام(بہ لحاظ مفعول)

مفعول کے لحاظ سے متعدی مصادر کی درج ذیل اقسام ہیں؛

1۔متعدی بہ یک  مفعول:
ایسا مصدر متعدی جو صرف ایک مفعول کو چاہے۔ مثلاً  اکبر نے چائے پی۔ اس نے سیب کاٹا۔

2۔متعدی بہ دو مفعول: 
ایسا مصدر متعدی جو جملے کی تکمیل کے لیے دو مفعول چاہے۔ مثلاً زید نے سجاد کو پھول دیا۔ اس نے علی کے لیے سیب کاٹا۔  یہاں دو مفعول ”سجاد ۔پھو ل“ اور ”علی۔سیب“ ہیں۔

3۔متعدی بہ سہ مفعول:
ایسا مصدر جو فعل کی تکمیل کے لیے تین مفعول چاہے۔ مثلاًاکبر نے علی کو سلیم سے دوات لے کر دی۔ یہاں تین مفعول ”علی“،”سلیم“اور”دوات“ ہیں۔

*مصدر متعدی کی اقسام(بہ لحاظ بناوٹ)*

بناوٹ کے لحاظ سے متعدی مصادر کی 3 اقسام یہ ہیں؛

1۔ متعدّی الاصل:
ایسے مصادر جو اصل میں متعدّی ہی وضع کیے گئے ہوں۔ مثلاً لکھنا۔ پڑھنا۔ کھانا۔ پینا۔  وغیرہ (انہیں متعدّی بنفسہٖ بھی کیا جاتا ہے)

2۔ مصدر متعدی بالواسطہ(مصدر لازم سے مصدر متعدی ):
مصدر لازم سےبنائے گئے  مصدر متعدی کو  مصدر  متعدی بالواسطہ کہتے ہیں۔ مثلاً سننا سے سنانا۔ ڈرنا سے ڈرانا۔ رکنا سے روکنا۔ جاگنا سے جگانا۔ رونا سے رلانا۔ جلنا سے جلانا۔ وغیرہ

3۔متعدّی المتعدّی: 
جو مصدر متعدی  سے متعدی بنائے جائیں، انہیں مصدر متعدی المتعدی کیا جاتا ہے۔ جیسے۔ لکھنا سے لکھانا۔ پڑھنا سے پڑھانا ۔ دیکھنا سے دکھانا وغیرہ

پیش کش : مشاہد رضوی بلاگر ٹیم ................

No comments:

Post a Comment

السلام علیکم
جزاک اللہ ! جناب اس بلاگ پر وزٹ کرنے کے لیے ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ آپ اپنے مفید مشوروں سے نوازنے کے لیے نیچے اپنے تاثرات ضرور تحریر کیجیے
برکات لائبریری ٹیم

Total Pageviews

Naat Meri Zindagi Naat Meri Aabroo! . Powered by Blogger.