اچھی کتابیں انسان کی بہترین دوست ہوتی ہیں

Friday 17 July 2020

Urdu Qawaed Sarf


اُردو قواعد

صَرف

صَرف:
قواعد کا ایسا علم جس میں الفاظ کے تغیر اور تبدّل اور ان سے مختلف کلمات بنانے پر بحث کی جاتی ہے۔  دوسرے لفظوں میں صَرف کلموں اور لفظوں کی پہچان کا علم ہے۔ اس علم کا موضوع ”لفظ“ ہے۔

لفظ:  
مختلف حروف مل کر لفظ بناتے ہیں۔  جیسے آم۔ کبوتر۔ سال۔ اختیار وغیرہ

جملہ:
دو یا دو سے زیادہ الفاظ کا ایسا مجموعہ جس کا مطلب سمجھ آ جائے، جملہ کہلاتا ہے۔  مثلاً : 
مدینہ منورہ عقیدت کا مرکز ہے۔ 
علی میرا بھائی ہے۔ 
ہم دہلی میں رہتے ہیں۔ 
جانور چارہ کھاتے ہیں۔
(جملے کی ترکیب اور بحث کا علم نَحو کہلاتا ہے آگے زیرِ بحث لایا جائے گا)

لفظ کی اقسام

لفظ کی دو قسمیں ہیں؛

1۔ مہمل: 
وہ لفظ جس کے کوئی معنی نہ ہوں، جیسے روٹی شوٹی۔  سچ مچ۔گپ شپ۔ ان میں شوٹی،مچ اور شپ  مہمل ہیں۔

2۔ کلمہ: 
با معنی لفظ کلمہ کہلاتا ہے۔ جیسے روٹی۔کتاب۔علی۔ اکیلا لفظ کلمہ کہلاتا ہے ۔
 
کلام یا مرکب:
دو یا دو سے زیادہ با معنی الفاظ کا مجموعہ کلام یا مرکب کہلاتا ہے، جیسے بڑا گھر۔  چھوٹا برتن۔اجلا کپڑا ۔
 
کلمے کی اقسام

کلمے کی 3 اقسام ہیں؛

1۔ اسم: 
کسی چیز، جگہ یا شخص کے نام کو اسم کہتے ہیں۔مثلاً     کتاب۔ باغ۔ علی۔ مسجد۔ دریا۔ عالیہ وغیرہ۔

2۔ فعل: 
وہ کلمہ جس سے کسی کام کا ہونا، کرنا یا سہنا ظاہر ہو فعل کہلاتا ہے۔ مثلاً کھاتا ہے۔ چلے گا۔ دوڑا تھا۔ 

3۔حرف:  
وہ کلمہ جو نہ فعل ہو نہ اسم بلکہ دو لفظوں کو آپس میں ملاتا ہو گویا الفاظ میں ربط اور تعلق پیدا کرتا ہو۔ جس سے مطلب  سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ جیسے کا۔ کی۔ کو۔ سے ۔ میں۔نے۔ پر .وغیرہ۔

پیش کش :مشاہد رضوی بلاگر ٹیم

http://www.mushahidrazvi.com/
..........

No comments:

Post a Comment

السلام علیکم
جزاک اللہ ! جناب اس بلاگ پر وزٹ کرنے کے لیے ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ آپ اپنے مفید مشوروں سے نوازنے کے لیے نیچے اپنے تاثرات ضرور تحریر کیجیے
برکات لائبریری ٹیم

Total Pageviews

Naat Meri Zindagi Naat Meri Aabroo! . Powered by Blogger.